جمعرات, 25 اپریل 2024


نورانی درگاہ لاشوں سے بھر گیا

 

ایمزٹی وی(حب) بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل وڈھ میں درگاہ شاہ نورانی میں خودکش دھماکا مغرب کے وقت درگاہ کے مرکزی دروازے پر اس وقت دھماکا ہوا جب مزار کے احاطے میں دھمال ڈالی جا رہی تھی۔ زور دار دھماکے سے بھگدڑ مچ گئی۔ جائے وقوعہ پر قیامت صغریٰ کے مناظر تھے اور ہر طرف لاشیں بکھر گئیں۔

درگاہ شاہ نورانی کی دشوار گزار پہاڑی علاقے میں موجودگی اور ایمبولینس بروقت نہ پہنچنے کے باعث میتوں اور زخمیوں کو پولیس اور پرائیویٹ گاڑیوں میں اسپتال روانہ کیا گیا۔ کراچی کے اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق دھمال کے وقت مزار کے احاطے میں ساڑھے چار سو سے زائد زائرین موجود تھے۔ حب میں موبائل فون سگنل نہ ہونے کیوجہ سے بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا زخمیوں کو خضدار، لسبیلہ اور کراچی منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ اندھیرا ہونے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کا استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا اس وقت ہماری توجہ ریسکیو آپریشن پر ہے ہلاکتوں کی صیح تعداد نہیں بتا سکتے جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے ساتھ ڈاکٹروں کو بھی پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان میں عوام کو معلومات کی فراہمی کے لئے کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کوئی بھی اطلاع دینے یا معلومات کے لئے ان نمبروں پر رابطہ کیا جائے۔ 0819202110، 0819201002 فیکس نمبر 0819201835 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ خضدار کمشنر آفس اور حب میں بھی معلومات کے لیے کنٹرول روم بنا دیئے گئے ہیں۔ دوسری طرف ایف سی نے حب میں ریسکیو کنٹرول سینٹر قائم کر دیا ہے۔ کمانڈنٹ آواران سے ایف سی کے اہلکار دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئے ہیں۔

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے درگاہ شاہ نورانی میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیر صحت اور کمشنر کراچی کو درگاہ شاہ نورانی پر فوری ایمبیولینسز روانہ کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات و علاج معالجہ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا یہ لوگ مسلمان کہلانے کے مستحق نہیں یہ ہمارے خون کے پیاسے ہیں ہمیں دہشت گردوں کے خلاف متحد ہو کر لڑنا ہے۔ گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی نے حب میں درگاہ شاہ نورانی کے دھماکے پر قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے بھی حب میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا معصوم زائرین کو نشانہ بنانا ظلم اور بزدلی ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم متحد ہے۔ سابق صدر آصف زرداری، عمران خان اور پرویز الہی سمیت سیاسی رہنماؤں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار افسوس کیا۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر نہال ہاشمی نے سول اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم ڈرنے والے نہیں ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment