ھفتہ, 20 اپریل 2024


بلوچستان کی محرومیوں کی داستان دہرانا نہیں چاہتا، وزیراعظم

 

۔
ایمزٹی وی(تربت)تربت میں سوراب ہوشاب شاہراہ کے افتتاح کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پہلے کبھی نہ تو بلوچستان کے اتنے چکر لگے ہیں اور نہ ہی بلوچستان میں اس تیزی کے ساتھ ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔بلوچستان کی محرومیوں کی داستان دہرانا نہیں چاہتا ،بلوچستا ن اب ترقی کے نئے دور سے گزر رہا ہے جو پاکستان کی ترقی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سڑکوں کا جال اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت بھی بنا یا جا رہا ہے اور حکومت خود بھی کئی سڑکوں پر کام کر رہی ہے ،صوبے میں اس تیزی سے ترقیاتی کام کر کے ہم احسان نہیں کر رہے بلکہ یہ بلوچستان کی عوام کا حق ہے جسے حکومت پورا کر رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف سڑک نہیں بلکہ گیم چینجر ہے جس سے ترقی کے دیگر راستے کھلیں گے ،سڑک بننے سے اسکول بنیں گے ،سڑک بننے سے ہسپتال قائم ہونگے ،سڑک بننے سے زراعت بہتر ہوگی اور پاکستان خوشحال ہو گا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس صوبے میں بہت تبدیلی ہونے جا رہی ہے ،ہر نئے راستے نئی منزل کا پتہ دیتے ہیں ،نئی سڑک کے افتتاح سے امید کی نئی کرن کا چراغ روشن ہو تا ہے ،جب حکومت سنبھالی تو بلوچستان کی ترقی سر فہرست تھی جس کی وجو ہات میں سے بلوچستان کی پسماندگی بھی تھی ،بلوچستان کو کس طرح محروم رکھا گیا اس تلخ داستان کو بار بار دہرانا نہیں چاہتا ۔ انہوں نے کہا کہ اس صوبے کو اللہ نے بہت سے نعمتوں سے نوازا ہے جس سے صوبہ اور پاکستان فائدہ اٹھا سکتے ہیں ،گوادر نے اس سوچ کو حقیقت میں بدلنے کے لیے امکانات پیدا کردیے جسے ہم نے آگے بڑھ کر تھام لیا ،اب یہ امکانات حقیقت بن چکے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ سوراب ہوشاب روڈ کم سے کم وقت میں بنی ،یہ منصوبہ پانچ سال سے زائد عرصے میں مکمل ہونا تھا جو کہ 22ارب کی لاگت سے سوا دو سالوں میں ختم ہو گیا ،اس منصوبے میں مزدوروں کی جانیں بھی قربان ہوئیں ،ملک کے لیے قربانیاں دینے والوں پر فخر ہے ،ایف ڈبلیو او کے افسران اور نوجوانوں نے بھی بہت محنت کی ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا فائدہ بلوچستان کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو بھی ہو گا جنہیں نوکریاں ملیں گی ،یہ موقع پچھلی حکومتوں کو بھی ملا ہو گا لیکن انہوں نے اسے ضائع کردیا ۔

نواز شریف نے سڑکوں کے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ پاکستانی عوام کو کیا دیں گے جو سڑک میں پوشیدہ امکانات کو نہیں دیکھ سکتے ،وہ سمجھتے ہیں نوجوانوں میں ہیجان پیدا کر کے اس مقام پر پہنچ جائیں گے جبکہ اس مقام پر پہنچنے کے لیے عوامی خدمت ،تعمیر اور سنجیدگی اختیار کرنا پڑتی ہے ،سڑک ترقی کے مواقع کو عوام کے قریب لاتی ہے ،ایک سڑک کسان کی فصل اور منڈی کے در میان فاصلہ کم کرتی ہے ،مریض اور ہسپتال کے درمیان فاصلہ سمٹ جاتا ہے ،بچوں کو سکول کے قریب کر دیتی ہے ،سڑک کی تعمیر سے وابسطہ امکانات کو وژن سے محروم لوگ نہیں دیکھ سکتے ۔ان کا کہنا تھا کہ جو بھی اقتدار تک پہنچنا چاہتا ہے اس کا فیصلہ عوام کرے گی ،کون نوجوانوں کے جذبات سے کھیل رہا ہے اور کون سنجیدگی سے کام کر رہا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ جو کیچڑ اچھالتے ہیں وہ ہجوم کو تفریح تو فراہم کر سکتے ہیں لیکن کام نہیں کر سکتے ،پاکستان شائستہ قوم ہے جہاں بڑوں کی عزت اور چھوٹوں پر شفقت کی جاتی ہے ،معاشرے میں رشتے کے احترام اور مخاطب کرنے کے اداب کی روایت کو برباد کرنے والے ایک نہیں کئی نسلوں کے مجرم ہوتے ہیں ،ہم نے پاکستان کو مادی طور پر مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ اخلاقی طور پر بھی تیار کرنا ہے ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment