ھفتہ, 20 اپریل 2024


پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، محمودخان اچکزئی

 

ایمز ٹی وی(کوئٹہ)کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان اس وقت بہت ہی نازک دور سے گزررہا ہے ہماری معمولی سی غلطی سے پاکستان کی سالمیت کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ پشونخواہ میپ کے اکابرین نے جمہوریت اور عدم تشدد کی سیاست کا آغاز کیا تھا لیکن بلوچستان اور کوئٹہ میں حالیہ ہونے والے واقعات سے صاف ظاہر ہے کہ ملک میں ایک بار پھر بھونچال آرہا ہے،سب کو مل کر پاکستان کو دہشتگردی سے پاک کرنا ہوگا۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کرپشن پاکستان کی سب سے زیادہ خطرناک بیماری ہے، کرپشن کیا ہے آج تک کسی نےاس بات کی وضاحت نہیں کی ، کسی کی وفاداری خریدنا بھی کرپشن کے زمرے میں آتا ہے۔ کرپشن کی آڑ میں کسی ایک کو نشانہ بنانا سیاسی بات ہوجاتی ہے لیکن پشتونخواہ میپ کسی کوبھی جمہوریت کی بساط لپیٹنے نہیں دے گی، اسلام آباد میں بلا جواز دھرنے دئیے گئے ماضی میں لوگوں نے پارلیمنٹ کے دروازے توڑ کر وہاں خیمے لگائے جبکہ یہ آئین اور قانون کے خلاف ہے ،اگر آئین اور قانون کی بالا دستی ہوتو کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم ہر حال میں نوزشریف کے ساتھ ہیں کیونکہ نواز شریف کے ساتھ ہمارا اتحاد جمہوریت کی بقا کیلئے ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ جمہوریت کو کسی بھی قسم کا کوئی نقصان پہنچے۔ موجودہ حالات میں نواز شریف سے زیادہ کوئی اور عوامی طور پر مقبول رہنما نہیں ہے ، ان حالات میں نواز شریف ہی پاکستان کو بچاسکتے ہیں اور اگر ملک میں پر امن فضا قائم کرنی ہے تو پاکستان کو ہر صورت افغانستان کے ساتھ حالات سازگار بنانے ہوں گے ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment