Print this page

پروونشل ڈیزائزٹرمینجمنٹ اتھارٹی نےصوبےبھرمیں ریڈالرٹ جاری کردیا

کوئٹہ: پروونشل ڈیزائزٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) نے بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور سیاحتی مقامات کے تمام پکنک پوائنٹس پر شہریوں کے جانے پر پابندی عائد کردی۔

پی ڈی ایم اے نے تیز بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ جاری کردیا جس میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے وہ سیاحتی مقامات پر جانے سے گریز کریں اور گاڑیاں سیلابی ریلوں سے نہ گزاریں۔

بلوچستان کے بالائی علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پہاڑی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے اور رابطہ سڑکوں پر آمد و رفت متاثر ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والے بادلوں کا ایک سسٹم ایران سے بلوچستان میں داخل ہوگیا جو آج سے بدھ تک جاری رہنے کا امکان ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔

لیویز ذرائع کے مطابق خانوزئی گوال ندی میں گزشتہ روز سیلابی ریلے میں وین بہہ گئی تھی جب کہ بہہ جانے والے 5 افراد میں سے تین کی لاشیں نکال لی گئیں جب کہ دو افراد کو گزشتہ روز ہی بچا لیا گیا تھا۔

دوسری جانب پشین، زیارت، ہرنائی، موسیٰ خیل، شیرانی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، برشور، لورالائی، خانوزئی، مسلم باغ، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، کوژک ٹاپ، کوہ خواجہ عمران میں کہیں کہیں بارش اور کہیں ژالہ باری ہوئی جس سے فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں