جمعہ, 19 اپریل 2024


پاک چائنہ دوستی کا ایک نیا رنگ

ایمزٹی وی(گلگت بلتستان)پاک چین فرینڈشپ کار ریلی کا بیس گاڑیوں پر مشتمل قافلہ پاکستان پہنچ گیا۔

گلگت بلتستان کے وزیرتعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال، رکن گلگت بلتستان کونسل ارمان شاہ،کمشنر گلگت ڈویژن سبطین احمداور دیگر حکام نے پاک چین سرحدپر خنجراب زیروپوائنٹ میں فرینڈ شپ کار ریلی کا استقبال کیا۔

Chinese Car Rally 5

اس موقع پر پرچم کشائی کی مختصر تقریب منعقد ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ قراقرم سیکورٹی فورس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرتعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال نے ریلی کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ اس ریلی سے ناصرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔


اس طرح کی ریلی سے دونوں ممالک کے مابین سفارتی ، تجارتی او ر ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ چینی مہمان اپنے دورے میں گلگت بلتستان کی خوبصورتی اور دلکشی کو بین الاقوامی سطح پر روشناس کرانے میں اپنا بھرپور کر دار ادا کریں گے۔

ریلی کے انچارج مسٹر لی نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ اور کے ٹو سے بلند ہے اور دونوں ملکوں کے عوام آپس میں تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ہمیشہ کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرینڈشپ کار ریلی کا مقصد دونوں ملکوں میں روابط کو مزید مضبوط اور پاک چین اقتصادی منصوبے کو اجاگر کرنا ہے۔

واضح رہے کہ پاک چین کارریلی نے چھ ہزار کلو میٹر کا فاصلہ طے کر لیا ہے اوراب وہ پاکستان میں خیبر پختون خوا،پنجاب،سندھ اور بلوچستان سے ہوتے ہوئے متحدہ عرب امارات جا ئے گی۔پاک چین فرینڈشپ کار ریلی ہفتہ کی صبح گلگت سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوگی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment