Print this page

برفباری کے بعد اسکردو اور استور کا زمینی رابطہ منقطع

 

اسکردو: تفریحی مقام دیوسائی میں گزشتہ دو روز کے دوران پڑنے والی برفباری کے بعد اسکردو اور استور کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جہاں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔ ایس ایس پی مانسہرہ راجا مرزا حسن کے مطابق برفباری کے بعد تفریحی مقام پر سوئیڈن کے ایک سیاح اور 9 مقامی افراد تین روز سے پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن آج سے شروع کیا جارہا ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق برفباری کے بعد رابطہ سڑکیں بند ہونے سے وہاں پھنسنے والوں میں 4 مقامی سیاح اور محکمہ وائلڈ لائف کے 5 اہلکار شامل ہیں۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر مانسہرہ عمران جدون کا کہنا ہے کہ ناران سے لولو سر جھیل تک برف کی صفائی کا کام جاری ہے اور علاقہ بڑبھوئی تک تمام رکاوٹیں ہٹا دی گئی۔ ڈی سی مانسہرہ کے مطابق ناران اور بٹہ کنڈی میں پھنسے تمام سیاحوں کو باحفاطت نکال لیا گیا جب کہ لولو سر جھیل تک سڑک کو برف ہٹا کر شام تک کھول دیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ناران میں سیاحوں کی آمد پر کوئی پابندی نہیں، لو لو سر جھیل سے بابو سرٹاپ تک سڑک کھولنا ممکن نہیں تاہم سیاح ناران لولو سر جھیل تک جا سکتے ہیں، جب تک ہوٹلز کھلے ہیں پولیس اور انتظامیہ ناران میں موجود رہے گی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں