Print this page

مقبوضہ کشمیرکو کھلی جیل بنا دیا گیا ہے

 اسکردو: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہی ہے۔  

اسکردو میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی مسلسل جدوجہد کی تاریخ ہے،ہم نے آہستہ آہستہ اپنے حقوق حاصل کیے ہیں، صدر زرداری نے گلگت بلتستان میں حکومت بنائی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے عوام سے کیا ہر وعدہ پورا کیا ہے، پیپلزپارٹی فاشسٹ نہیں نظریاتی جماعت ہے، مجھے افسوس ہے کسی نے پیپلزپارٹی کا منشور نہیں پڑھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے خود کو پورے ملک کے سامنے بے نقاب کر دیا،عمران خان اپنی کہی ایک بھی بات پر قائم نہیں رہے، پی ٹی آئی حکومت بالکل ناکام اور نااہل ہے، حکومت بھی اپوزیشن کا کردار کررہی ہے تاہم حکومت اپوزیشن کرے گی تو حکمرانی کون کرےگا۔

 بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہی ہے، مشترکہ پارلیمنٹ کےاجلاس کے دوران مریم نواز کو گرفتارکرلیا گیا، حکومت کو پتہ ہی نہیں اسے کیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس روز میں آزاد کشمیر پہنچا اسی رات فریال تالپورکو گرفتار کرلیا گیا، ہم نے رکاوٹیں ماضی میں بھی دیکھی ہیں، پتاہے ان کا مقابلہ کیسے کرنا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ دنیا میں جہاں جہاں جاؤں گا کشمیر کے لیے آواز بلند کروں گا، کشمیرکاز کے لئے جگہ جگہ آواز بلند کریں گے، پاکستان نے کبھی آرٹیکل 370 کو تسلیم نہیں کیا، مقبوضہ کشمیرکو کھلی جیل بنا دیا گیا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے لیے کام کرنے والے سیاستدانوں کو بھی نظر بند کردیا گیا، اگر کشمیری مودی کے ساتھ ہیں تو وہاں سے کرفیوہٹا دیا جائے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں