Print this page

نیب نےسابق جنرل کےبھائی کےخلاف ایکشن لےلیا

ایمزٹی وی(اسلام آباد)قومی احتساب بیورو (نیب) نے ڈی ایچ اے کیس میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی کے بھائی کامران کیانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ اے سٹی پروجیکٹ 2009 میں شروع کیا گیا جس کے تحت فوج میں شہید ہونے والوں کے ورثا اور جنگ میں زخمی ہونے والے فوجیوں سمیت فوج کے دیگر افراد کو پلاٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ سابق آرمی چیف جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی کے بھائی کامران کیانی اور حماد ارشد کی کمپنییوں نے ڈی ایچ اے لاہور کو شہدا کی زمینیں خریدنے کے لیے 2009 میں اپنی خدمات پیش کیں اور اس سلسلے میں انہیں ضروری زمین مہیا کردی گئی تاہم 6 سال گزرنے کے باوجود اراضی کے مستحق افراد اس سے محروم رہے جس پر ڈی ایچ اے نے جنوری 2016 میں کامران کیانی اور حماد ارشد کے خلاف نیب میں شکایت درج کیں۔ حماد ارشد کو کرپشن، دھوکا دہی اور فنڈز کے ہیر پھیر کے الزام میں گرفتارکرلیا گیا تھا اور اب نیب نے کامران کیانی کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے ہیں اور اس سلسلے میں ڈی جی نیب راولپنڈی اور آئی جی پنجاب کو وارنٹ ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ نیب نے احکامات جاری کیے ہیں کہ کامران کیانی کو گرفتار کرکے عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے تا کہ ڈی ایچ اے کیس کی انکوائری مکمل کی جا سکے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں