Print this page

یوم آزادی کے دن موبائل سروس بند رہے گی

ایمزٹی وی(اسلام آباد) ضلعی انتظامیہ نے 14 اگست کے روز تخریب کاری کے خدشے کے پیش نظر موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ شہر میں 2 ماہ کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال اور جلسے جلوسوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق جشن آزادی کے روز وفاقی دارالحکومت میں موبائل فون سروس بند رہے گی اور اس کا دورانیہ صبح 6 بجے سے دن 12 بجے تک رہے گا۔

 

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موبائل فون سروس کی بندش دہشت گردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں وزارت داخلہ اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو خط لکھ کر آگاہ کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہےکہ وفاقی دارالحکومت میں لاؤڈ اسپیکر کے لیے استعمال، آتش بازی، اسلحہ نمائش اور جلسے جلوسوں پر 2 ماہ کے لیے پابندی عائر کردی گئی ہے۔

 

ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہر کے اہم مقامات پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر 2 ماہ کے لیے دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی ہے جب کہ جن مقامات پر دفعہ 144 کا نفاذ ہوگا ان میں ریڈو زون، ایمبیسی روڈ، یونیورسٹی روڈ، تھرڈ ایونیو، فورتھ ایونیو، مری روڈ، جناح ایونیو اور ملحقہ علاقے شامل ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں