ھفتہ, 20 اپریل 2024


ہماری تاریخ کے سنہری نقوش مشعل راہ ہے، صدر مملکت

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیا۔ اسلام آباد کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ دہشتگردی میں شہید ہونے والوں کے لہو کا ایک ایک قطرہ ہم پر قرض ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے، سانحہ کوئٹہ پر ہمارے دل دکھی ہیں ،غمزہ خاندان خود کو تنہا نہ سمجھیں ۔

 

اس موقع پرصدر ممنون حسین نے کہا کہ قوم کی بیٹیاں علم و ہنر کی دولت سے مالا مال ہوکر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گی،نوجوانوں کے جوش و جذبے کو جذبہ تعمیر میں بدلنے کی ضرورت ہے،ہماری تاریخ کے سنہری نقوش مشعل راہ ہیں،یوم آزادی پر کشمیری بھائیوں کو بھولنا نہیں چاہیے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب آخری مراحل میں ہے ،نیشنل ایکشن پلان کے تحت آپریشن ضرب عضب کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔ دیدہ اور نادیدہ دشمن کو بھاگنے نہیں دیاجائے گا ، یقین ہے آخری کاری ضرب لگا کر دہشتگردوں کا ہمیشہ کیلیے خاتمہ کردیں گے۔

 

صدر مملکت نے کہاکہ کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت اور مدد جاری رکھیں گے،بدی کی قوتوں کو سرنگوں کرکے اپنے وطن کو اندھیروں سے پاک کرنے کے لیے قوم متحد ہوجائے۔ تقریب میں قومی ترانہ پڑھا گیا ،تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان موجود تھے۔ تقریب میں سائرن بجایاگیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment