Print this page

پنجاب میں کراچی طرز پر آپرشن کیا جائے، عمران خان کا مطالبہ

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ پنجاب حکومت شدت پسندوں اور دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم کرنے میں سنجیدہ نہیں اس لئے رینجرز کا آپریشن کراچی سے پنجاب تک بڑھایا جائے۔ اسلام آباد سے جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ لاہور میں پی ٹی آئی کے رہنما مرزا تنویر کا قتل قابل مذمت ہے، گزشتہ سال بلدیاتی الیکشن کےدوران بھی 2کارکنوں کوقتل کیاگیا، مرزا تنویر بلدیاتی الیکشن میں 2 کارکنوں کے قتل کے مقدمہ میں مدعی تھے اور اس کیس کی پیروی بھی کررہے تھے، ان 2 کارکنوں کے قتل میں ملوث ملزم تاحال آزاد گھوم رہا ہے، مرزا تنویر نے مخالفین کے سیاسی دباؤ کو قبول کرنے سے انکار کیا تھا،

 

پنجاب پولیس مرزا تنویر کو ملنے والی دھمکیوں سے آگاہ تھی۔ لاہورمیں ٹارگٹ کلرزکے خلاف کارروائی کراچی طرز پر آپریشن کیا جائے۔ عمران خان نے کہا کہ پنجاب پولیس مسلم لیگ ن کا عسکری ونگ بن کررہ گئی ہے، شریف برادران کو جہاں شکست کا خطرہ ہو وہاں گلو فورس استعمال کرتے ہیں، پنجاب حکومت شدت پسندوں اوردہشتگردوں کے ٹھکانے ختم کرنے میں سنجیدہ نہیں، اس لئے رینجرزکا آپریشن کراچی سے پنجاب تک بڑھایا جائے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بھی پولیس کی نااہلی سے فہد ملک کو قتل کیا جا چکا، اس لئے اسلام آبادپولیس کی نااہلی کے باعث یہاں بھی رینجرز کو تعینات کرنے کی ضرورت ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں