Print this page

قومی شناختی کارڈز کی مہم تیزی سے جاری


ایمزٹی وی(اسلام آباد) قومی شناختی کارڈز کی تصدیق مہم کے دوران اب تک 6 کروڑ 79 لاکھ کارڈز کی تصدیق ہوئی ہے اور 48 ہزار غیر ملکیوں کی شناخت کی گئی ہے جبکہ کئی غیر ملکی افراد نے رضاکارانہ طور پر پاکستانی شناختی کارڈز واپس کر دئیے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسلحہ لائسنس کے مرحلہ وار اجراءسے متعلق بھی پالیسی تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نادرا حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک 6 کروڑ 79 لاکھ کارڈز کی تصدیق ہو چکی ہے اور 48 ہزار غیر ملکیوں کی شناخت کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق 1685 غیر ملکیوں نے رضاکارانہ طور پر پاکستانی شناختی کارڈ واپس کئے۔ ان میں 1549 افغانی، 44 بنگالی، ایک بھارتی اور ایک انڈونیشین شہری شامل ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ 50 بین الاقوامی این جی اوز کو کام کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی جبکہ 15 بین الاقوامی این جی اوز کا معاملہ زیر غور ہے اور سکروٹنی کا عمل جاری ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ قومی شناختی کارڈ کی تصدیقی مہم میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اسلحہ لائسنس کے مرحلہ وار اجراءسے متعلق پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ کے ججوں، میڈیا ہاﺅسز، تعلیمی اداروں، مسلح افواج کے حکام، ارکان سینیٹ اور ارکان صوبائی و قومی اسمبلی کو اسلحہ لائسنس جاری کئے کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں

پرنٹ یا ایمیل کریں