Print this page

وزیر اعظم کی پن بجلی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

ایمزٹی وی(اسلام آباد)چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے وزیراعظم نوازشریف سےملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیراعظم کو ملک بھر میں جاری ہائیڈرو پاور پراجیکٹس میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔ 
چیرمین واپڈا نے وزیراعظم کو بتایا کہ جاری ہائیڈروپاور پراجیکٹس مقررہ مدت میں مکمل کر لئے جائیں گے، نئے میگا پراجیکٹس سے بجلی کی پیداوارمیں اضافہ، زرعی اور صنعتی شعبے کو زندگی ملے گی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ پن بجلی کے بڑے منصوبوں سے روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے چیئرمین واپڈا کو ملک بھر میں جاری پن بجلی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے اس لئے ملک بھر میں پانی کے ذخائر تعمیر کئے جائیں، ڈیموں کی تعمیر سے بجلی کے ساتھ ساتھ پانی کی ضروریات بھی پوری ہوں گی اور آبی ذخائر کی تعمیر سے سیلاب کے خطرات بھی کم ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے لئے پر عزم ہے، گھریلو صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی چاہتے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں