ھفتہ, 20 اپریل 2024


وزیر اعظم کی مسئلہ کشمیرپر انتہائی اہم دورہ


ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھرپور انداز میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعظم نواز شریف کل آزاد کشمیر میں کشمیری قیادت سے ملاقات کر کے انہیں اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کل آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد پہنچیں گے جہاں وہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد سے ملاقات کریں گے۔

کشمیری قیادت وزیراعظم نوازشریف کو مقبوضہ کشمیر میں 69 روز سے جاری کرفیو، بھارتی بربریت، بے گناہ شہریوں پر پیلٹ گن کے استعمال، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کی رائے پر بریفنگ دے گی۔ وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران کشمیر کے حوالے سے پاکستانی موقف پر کشمیری قیادت کو اعتماد میں لیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ آزاد کشمیر کو انتہائی اہمیت حاصل ہے، آزاد کشمیر کے دورے کے بعد وزیراعظم نے امریکا کے دورے پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کرنی ہے جہاں ان کی اعلیٰ سطح کی قیادت سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں اور ملاقاتوں اور جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم اقوام عالم کو بھارتی مظالم کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment