جمعرات, 28 مارچ 2024


ارکان پارلیمنٹ نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادی


ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، مولانا فضل الرحمن سمیت 330سے زائد ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی نے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہیں جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ ، اعتزاز احسن، حمزہ شہباز، جہانگیر ترین سمیت 800سے زائد ارکان پارلیمنٹ واسمبلی نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات کمیشن میں جمع نہیں کرائی۔

کمیشن نے 2روز میں اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق الیکشن کمیشن اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے لیے 2 دن ہی باقی بچے ہیں ،اب تک وفاقی وزیر احسن اقبال، شاہ محمود قریشی، راجا ظفرالحق، اعجازالحق، ایازسومرو، آصف حسنین، سفیان یوسف، عبدالوسیم اوراقبال محمدعلی،شیریں مزاری نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرا دی ہیں۔

اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق ،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان، خواجہ آصف، سعد رفیق، فاروق ستار، شیخ رشید احمد، شیخ آفتاب ،طلال چوہدری،عابد شیر علی، انجینئر خرم دستگیر، طاہر برجیس، سکندر حیات بوسن ، سائرہ افضل تارڑ،چوہدری پرویز الہیٰ، دانیال عزیز، فریال تالپور،عذراء فضل پیچوہو،سید نوید قمر،فہمیدہ مرزا، سینیٹر پرویز رشید، مشاہداللہ خان، رحمٰن ملک ،چاروں وزرائے اعلیٰ نے تاحال اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کے 104ارکان کے اثاثوں کی تفصیلات موصول ہو چکی ہیں ۔سینیٹ کے104ممبران میں سے صرف 16 نے اب تک تفصیلات جمع کرائی ہیں۔پنجاب اسمبلی سے 104، سندھ اسمبلی کے 48 ارکان کے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو موصول ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے 38،بلوچستان اسمبلی کے 21 ارکان کے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کوموصول ہو چکی ہیں۔

الیکشن کمیشن کی تمام ارکان پارلیمنٹ اورصوبائی اسمبلیوں کو 30 ستمبر تک اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ۔ 15اکتوبر تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت معطل کر دی جائے گی اور وہ قانون سازی میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہونگے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment