جمعرات, 10 اکتوبر 2024


قومی ایکشن پلان کے اہداف کے بروقت حصول کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل پر اتفاق

یمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم میاں نوازشریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کاجائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا،جس میں قومی اور صوبائی سطح پر نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے کیلئے تعاون پر اتفاق کیا گیا،قومی ایکشن پلان کے اہداف کے بروقت حصول کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل اور دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے انٹیلی جنس اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،اجلاس میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی انٹیلی جنس اداروں کی خدمات کو سراہا گیا،وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ ہمارے بقاء کی جنگ ہے،ہم نے ہر قیمت پر نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے،ملک سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،سیکیورٹی اداروں کے عزم اور قربانیوں سے امن امان قائم ہوا،قوم دہشتگردی اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمے کیلئے ہم سے توقعات رکھتی ہے،ہم ہر صورت میں قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

اس موقع پر ناصر خان جنجوعہ نے اجلاس کو بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے صوبوں کا کردار اہم ہے،قومی ایکشن پلان کی تکمیل کیلئے قومی جذبے کے تحت کام کرنا ہوگا،اس موقع پر اجلاس میں قومی ایکشن پلان کے اہداف کے بروقت حصول کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اجلاسے کے شرکاء نے واضح کیا کہ انٹیلی جنس اداروں نے دہشتگردوں کی کئی کوششوں کو ناکام بنایا۔ اس پر شرکاء نے وفاقی اور صوبائی انٹیلی جنس اداروں کی خدمات کو سراہا۔اس موقع پر وزیراعظم کے سیکرٹری نے انسداد جرائم کے نظام میں اصلاحات پر شرکاء کو پریزینٹیشن دی،تحقیقات،استغاثہ عدالتی طریقہ کار میں اصلاحات سے متعلق تجاویز پیش کیں۔اجلاس کے شرکا نے اہداف کے حصول کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں مربوط راوبط کی ضرورت پر زور دیا اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے انٹیلی جنس اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں گورنرخیبرپختونخوااقبال ظفر جھگڑا،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک،وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ خان زہری،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان،وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان،وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید،چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف،وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی،وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر)ناصرخان جنجوعہ،ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر،سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری،ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان، فواد حسن فواد،ڈی جی ایم او میجرجنرل شیرشمشاد مرزا اور ڈی جی ایم آئی میجر جنرل ندیم زکی نے شرکت کی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment