Print this page

تحریک انصاف نے عدالت کاحکم نامہ مسترد کردیا

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف نے دو نومبر کو اسلام آباد بند نہ کرنے کے عدالتی حکم نامے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری نے کہاہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم سے متفق نہیں ،عدالت نے تحریک انصاف کا موقف سنے بغیر حکم نامہ جاری کیا۔

انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جسٹس شوکت علی کا تعصب واضح ہو گیا ہے ،ان کے سامنے پیش نہیں ہو نگے بلکہ حکم نامے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔بنی گالا میں عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نعیم بخاری نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہمارا موقف سنے بغیر حکم نامہ جاری کیا جو یکطرفہ اور غیر جانبدارانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم غور کر رہے ہیں کہ ہائی کورٹ نے کس قانون کے تحت حکم نامہ جاری کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے یہ حکم نامہ اپنے دائرہ اختیار سے باہر نکل کر جاری کیا ہے ۔اس موقع پر چیئر مین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ دونومبر کے جلسے کو کوئی بھی طاقت نہیں روک سکتی کیونکہ اب لوگوں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ کرپشن زدہ وزیراعظم سے تنگ آچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج ہمارا آئینی حق ہے ،حکومت نے اگر احتجاج سے روکا تو نقصان کے لیے تیار رہے ۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے دو نومبر کو تحریک انصاف اور اسلام آباد انتظامیہ کو شہر بند کرنے سے روک دیا ہے جبکہ عمران خان کو 31تاریخ کو طلب بھی کر لیا گیا ہے

 

پرنٹ یا ایمیل کریں