Print this page

وزیر اعظم کا بھارت کو منہ توڑ جواب

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف نے ورکنگ باونڈری اور کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو منہ توڑ جواب دیاجائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف نے ورکنگ باونڈر ی اور کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو منہ توڑ جواب دیاجائے گا، ہم امن پسند قوم ہیں جب کہ تنازعات کا نہ صرف مذاکرات کے ذریعے حل پر یقین رکھتے ہیں بلکہ خطے میں امن واستحکام اور مشترکہ ترقی وخوشحالی پر بھی یقین رکھتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ہماری کوششوں کا موثر جواب نہ دینا افسوسناک ہے تاہم بھارت اپنے فوجیوں کو ہدایت کرے کہ وہ جنگ بندی معاہدے کا احترام کریں اور سرحدی دیہات کو دانستہ ہدف بنانے سے گریز کرے جب کہ بھارت حالیہ واقعات کی تحقیقات اور حقائق پاکستان کو فراہم کرے۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ 21 اکتوبر سے جاری ہے جس میں اب تک 6 پاکستانی شہری شہید اور 20 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں