جمعرات, 19 ستمبر 2024


بھارتی خلاف ورزی پر پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا، آرمی چیف

 


ایمزٹی وی(روالپنڈی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر جوانوں کو ہر دم تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ خطے میں دیرپا امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی ممکن ہے اور یہ مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے 10 کور اور لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور جوانوں و افسروں سے ملاقات کی، کور کمانڈر راولپنڈی بھی موجود تھے ۔ انہوں نے 10 کور کے جوانوں کے ساتھ وقت گزارا جہاں انہیں لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بریفنگ کے علاوہ بھارتی فائرنگ اور سیز فائر معاہدے کی خلاف وزیوں کی رپورٹ بھی دی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسروں اور جوانوں کے بلند مورال کو سراہا اور انہیں ہر دم تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کی بھارتی خلاف ورزی پر پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا جارحانہ انداز کشمیر میں جاری ظلم و ستم سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے جبکہ خطے میں دیرپا قیام امن بھی مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی ممکن ہے اور یہ مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment