جمعہ, 19 اپریل 2024


کیٹی بندر اورسرکلر ریلوے سی پیک سے منسلک؟؟

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ، جس میں توانائی اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزرا اسحاق ڈار، احسن اقبال اور خواجہ آصف سمیت وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور میر حاصل بزنجو نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شاہراتی، ریلوے اور ایوی ایشن کے انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام تیز کیا جائے گا۔

اجلاس میں سی پیک کے تحت توانائی منصوبوں کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ پن بجلی، کوئلے، ہوا اور شمسی توانائی سے بجلی کی پیداوار اور ترسیلی نظام کی بہتری کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم نے احسن اقبال کو چاروں وزرائے اعلیٰ سے صنعتی زونز پر مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی زون ایسے علاقوں میں بنائے جائیں جہاں دونوں ممالک کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو، صنعتی زونز کی سائٹس کی افادیت سے چینی حکومت کو آگاہ کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کراچی سرکلر ریلوے اور کیٹی بندر منصوبے سی پیک میں شامل کرنے کے اقدامات کئے جائیں، جس پر انہیں بتایا گیا کہ سی پیک میں کسی منصوبے کی شمولیت کے لئے متعلقہ ورکنگ گروپ کی منظوری ضروری ہے۔ جس پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کراچی سرکلر ریلوے اور کیٹی بندر منصوبے سی پیک کا حصہ بنانے کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں اٹھایا جائے اور ان کی معاشی اہمیت سے چینی حکام کو آگاہ کیا جائے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment