جمعرات, 18 اپریل 2024


ملک کے دو بڑے شہروں کراچی اور لاہور  میں مزید 2 مجرموں کو پھانسی

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) ملک کے دو بڑے شہروں کراچی اور لاہور میں پولیس اہلکاروں کے 2 قاتلوں کو پھانسی دے دی گئی۔سینٹرل جیل کراچی میں مجرم محمد سعید جبکہ کوٹ لکھپت جیل میں زاہد عرف زادو کی سزائے موت پر عمل در آمد کیا گیا کراچی میں سینٹرل جیل میں قتل کے مجرم محمد سعید کو صبح 6:30 پر تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ مجرم محمد سعید کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ محمد سعید نے2001 میں ریٹائرڈ ڈی ایس پی سید صابر حسین شاہ اور ان کے بیٹے عابد حسین شاہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ قتل کا مقدمہ الفلاح تھانے میں درج کیا گیا جبکہ جرم ثابت ہونے پر اسے 2002 میں پھانسی کی سزا سنائی گئی۔ پھانسی سے قبل مجرم محمد سعید کو خاندان کے افراد سے آخری ملاقات بھی کروا دی گئی۔ مجرم نے اپنی وصیت میں لکھا کہ اسے پھانسی دینے کے بعد اس کا سامان اس کے بھائی کے حوالے کردیا جائے۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث کراچی سینٹرل جیل کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا تھا ، پھانسی کے بعد مجرم محمد سعید کی لاش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔ ایک اور قیدی کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی دی گئی۔ مجرم زاہد عرف زادو نے 1998 میں ملتان میں دو پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اسے 2002 میں سزائے موت سنائی جبکہ صدر مملکت کی جانب سے رحم کی اپیل مسترد کیے جانے پر اس کے ڈیتھ وارنٹ جاری کیے گئے۔ پھانسی سے قبل زادو سے اہل خانہ کی آخری ملاقات بھی کرائی گئی۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔موت کی سزا پانے والے دونوں مجرموں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment