Print this page

جماعت الدعوۃ سمیت تمام کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمد کردیئے، ترجمان دفتر خارجہ

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی قرادادوں کے تحت تمام کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمد کردیے ہیں جس میں جماعت الدعوۃ بھی شامل ہے، تاہم یہ فیصلہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دورے کی بدولت نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان تمام دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کررہا ہے، کالعدم تنظیموں کو فنڈز فراہم کرنے والوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں مذہب کے نام پر تشدد قابل مذمت ہے، پاکستان کو بھارت میں مسلمانوں کو جلائے جانے کے واقعے پر بھی تشویش ہے۔ بھارت میں زبردستی ہندو بنائے جانے کی مہم انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ باراک اوباما کا دورہ نئی دہلی بھارت اور امریکا کا باہمی معاملہ ہے اس پر پاکستان کو تشویش نہیں، امید ہے کہ امریکی صدر دورہ بھارت کے دوران  کنٹرول لائن کشیدگی کا معاملہ اٹھائیں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں