منگل, 23 اپریل 2024


بھارتی ریاستی عناصر کی پاکستان میں مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد میں ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت دیگرممالک کےمعاملات میں دخل اندازی کے بجائے اپنے معاملات درست کرے، بھارتی ریاستی عناصر کی پاکستان میں مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں اور وہ دیگر ممالک کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے،بھارت دوسروں پر انگلی اٹھانے کے بجائے اپنے گریبان میں جھانکے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے اورکشمیرمیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ ہفتے 14 کشمیریوں کو گرفتاراور40 افراد کو زخمی کیا گیا جب کہ وہ عالمی برادری کی توجہ تحریک آزادی سے ہٹانے کی ناکام کوشش کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف کشمیری مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں اور دوسری جانب مودی سرکار جموں و کشمیر میں غیرقانونی ڈومیسائل جاری کرکے کشمیر کی آبادی کوہندو اکثریت میں تبدیل کررہی ہے،پاکستان غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل دینے اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بھر پور مذمت کرتا ہے اورعالمی برادری بھی غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل دینے کا نوٹس لے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی بند کرے اور مسئلے کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے کیوں کہ یہ مسئلہ قراردادوں کی روشنی میں ہی حل ہو سکتا ہے،عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو کشمیریوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
نفیس زکریا نے بتایا کہ گزشتہ برس نارووال میں 3 پاکستانی لڑکے غلطی سے سرحد پار چلے گئے اور انہیں بھارت میں گرفتار کر لیا گیا تھا، ستمبرمیں پاکستان نے لڑکوں کی رہائی کے لیے بھارت سے رابطہ کیا اورتاحال جواب کا انتظار ہے. دفتر خارجہ کے مطابق یکم مارچ کو ہونے والے ای سی او کے سربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کررہا ہے جس میں آر سی ڈی کے رکن ممالک بھی شرکت کریں گے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment