جمعرات, 18 اپریل 2024


بھارتی ظلم و بر بریت اور غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم مذمت

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) کشمیر یو ں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ، پاکستان اور دنیا بھر میں آج ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ منایا جارہا ہے ،5فروری کے موقع پر پہلی مرتبہ دنیا بھر کے پاکستانی سفارت خانوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے،
جب کہ 5 فروری کو صبح 10 بجے ملک بھر میں سائرن بجتے ہی ٹریفک رک جائے گی اور ایک منٹ کی مکمل خاموشی اختیار کی جائے گی، دنیا بھر میں یہ دن منانے کا مقصد کشمیریوں کے تسلیم شدہ حق خود ارادیت اور جدوجہد آزادی کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی ظلم و بر بریت اور غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم مذمت کے طور پر منایا جاتا ہے ۔
وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں بڑی بڑی ریلیوں اور انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی جائیں گی ،خواتین اور بچے بھی ’’یوم یکجہتی کشمیر ‘‘ کے تمام پروگراموں میں بھر پور شرکت کریں گے ،جبکہ پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا وفد اقوام متحدہ کے مبصر مشن میں مسئلہ کشمیر پر قراردادوں کی یاد دہانی کے لئے یادداشت پیش کرے گا، پاکستانی سفارتخانوں اور مشنز کو بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریبات کی ہدایات کر دی گئی ہیں۔
دنیا بھر میں پاکستان کا سفارتی عملہ پاکستانی کمیونٹی کی معاونت سے خصوصی پروگرامز منعقد کریں گے،نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے اور یورپی یونین کے مختلف ممالک میں بھی ریلیاں منعقد کی جارہی ہیں ۔ملک بھر کی مذہبی و سیاسی اور دینی جماعتیں اس دن کی مناسبت سے ملک کے کونے کونے میں جلسے جلوس،ریلیاں ،مظاہرے، سیمینارز اور کانفرنسیں منعقد ہوں گی ،جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں پاکستانی قوم انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment