جمعرات, 28 مارچ 2024


نیشنل ایکشن پلان تذبذب کا شکار

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)گزشتہ روز سینیٹر سحرکامران کی تحریک پر بحث کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ابھی تک حکومت نے ایکشن پلان کے حوالے سے ترجیحات ہی طے نہیں کیں ۔ طاہر مشہدی نے کہا ایکشن پلان پر صرف فوج عمل کر رہی ہے، حکومت نے اسے نان ایکشن پلان بنادیا ہے جبکہ وزیرمملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے کہا نیشنل ایکشن پلان کے تمام 20 نکات پر عملدرآمد کرلیا گیا ہے۔
سسی پلیجو نے کہا کہ وزیرداخلہ تذبذب کا شکار ہیں۔ شاہی سید نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مصلحت کا شکار ہیں، دہشتگردوں کے بعد اب گڈ اور بیڈ ایم کیوایم کا فلسفہ لایا جارہا ہے، ایم کیوایم دہشتگرد ہے تو اسے ایوان سے نکالا جائے، اگرنہیں توپھرالزام واپس لیا جائے۔
دوسری جانب نہال ہاشمی نے کہا کہ ہم نے ویلنٹائن ڈے پر پابندی نہیں لگائی جو منانا چاہیں منائیں، حافظ حمداللہ نے کہا کہ بتایا جائے کن مدارس سے اسلحہ نکلا یا ملک کیخلاف نعرے لگے۔ وزیرمملکت بلیغ الرحمان نے بحث سمیٹتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں امن وامان کی صورتحال اور معیشت بہتر ہوئی،یہ کامیابیاں ایکشن پلان پر عملدرآمد سے حاصل ہوئیں، وزیراعظم نے خودپروگرام کی مانیٹرنگ کی۔
ایوان نے سینیٹ کے اختیارات میں اضافے کے لیے دستور میں ترمیم کرنے، ترجیح بنیاد پر مستقل وزیرخارجہ تعینات کرنے، مارگلہ پہاڑیوں پر مناسب شجرکاری کرنے، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مناسب اقدامات کرنے، علاقائی پاسپورٹ دفاتر میں خواتین کے لیے الگ کاؤنٹر قائم کرنے سمیت 5 قراردادیں منظورکرلیں جبکہ بے سہارا یتیموں کی بحالی و فلاح، زیر حراست موت اور زیر حراست جنسی زیادتی کے امتناع و سزاکے بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں زیر غور لانے کی تحاریک کی بھی منظوری دی۔
دریں اثنا اسلام آباد میں بزرگ شہریوں کی فلاح کے لیے قانون وضع کرنے،منشیات پر سزا کم سے کم چھ ماہ قید کرنے، ضابطہ فوجداری 1898 میں ترمیم کرنے اور اسلام آبادکرایہ پابندی آرڈیننس میں ترمیم کے بل سمیت 5 بل متعلقہ کمیٹیوں کو بھجوادیے گئے۔
علاوہ ازیں سندھی، پشتو، بلوچی اور پنجابی سمیت 7 علاقائی زبانوں کو قومی زبانیں قرار دینے کے متعلق کریم خواجہ کاترمیمی بل دوتہائی ووٹ نہ ملنے پر مستردکردیا گیا،ایوان نے معروف دانشور بانو قدسیہ اورحمیدہ کھوڑو مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنیکی قرارداد اتفاق رائے سے منظورکرلی تاہم صحافیوں نے کراچی میں نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر پریس گیلری سے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment