Print this page

بیٹے کو 40 لاکھ ڈالردبئی ٹرانسفر نہیں کیے، اسحاق ڈار کا عمران کو خط

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے عمران خان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے ٹیکس سے بچنے کیلیے اپنے بیٹے کو 40 لاکھ ڈالر دبئی ٹرانسفر نہیں کیے اور نہ ہی سوئس بینکوں میں پڑی غیرقانونی دولت واپس لانے کیلیے سوئٹزر لینڈ کے ساتھ دہرے ٹیکسوں سے بچاؤکے معاہدے پر دستخط سے پیچھے ہٹے ہیں۔

وزارت خزانہ سے رات گئے جاری اسحاق ڈارکی طرف سے عمران خان کو لکھے خط کی کاپی میں بتایا گیا کہ انہوں نے دبئی میں اپنے بیٹے کو پاکستان سے ایک روپیہ بھی ٹرانسفر نہیں کیا البتہ انھوں نے دبئی میں مقیم اپنے بیٹے سے اب تک40 لاکھ ڈالر پاکستان میں وصول کیے ہیں جو ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کا باعث بنے ہیں۔ خط میں وزیر خزانہ نے کہا کہ انھوں نے اپنے بیٹے کوکچھ رقم بطور تحفہ اور 40 لاکھ ڈالر قرضہ بھی دیا تھا جو اب تک مکمل واپس کیا جا چکا ہے۔

انھوں نے کہا بدقسمتی سے اس فیملی ٹرانزیکشن کو عوام کے سامنے سیاسی مقاصد کیلئے غلط طور پر پیش کرکے مجھ پر الزمات عائدکئے گئے ہیں۔وزیر خزانہ نے عمران خان کو جواب میں کہا ہے کہ آپ کا (عمران خان) بیان جھوٹ اورخود ساختہ ہے۔وزیر خزانہ نے مزیدکہا حکومت سوئس حکام کے ساتھ ٹیکس معاملات میں باہمی انتظامی تعاون کے معاہدہ کو حتمی شکل دینے کے مرحلے میں ہے۔

اس معاہدہ کی صورت میں پاکستانی ٹیکس اتھارٹیزکی جانب سے ٹیکس سے متعلقہ معاملات میں سوئس اتھارٹیز سے معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔ دوسری جانب سے ٹیکس اصلاحات کمیشن کے چیئرمین مسعود نقوی سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ٹیکس اصلاحات کمیشن جلد اپنی سفارشات مرتب کرے ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں