منگل, 23 اپریل 2024


پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،ڈاکٹر عبدالقدیر خان

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد)محسن پاکستان ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ قوم مطمئن رہے پاکستان محفوظ ایٹمی قوت ہے اس کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،موجودہ حالات اور دہشتگردی کی نئی لہر کا مقابلہ کرنے کیلئے قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ، ذوالفقارعلی بھٹو باصلاحیت لیڈر تھے جو مجھے پاکستان لائے اور ہم نے مل کر ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کیلئے اقدامات کئے ،پاکستان کو مضبوط ومستحکم بنانے کی خاطر یورپ کی عیش وعشرت کی زندگی چھوڑ کر پاکستان آیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر عالم اسلام کا ایک ناقابل تسخیر قلعہ بنا دیا۔ 

اپنی بساط کے مطابق وطن عزیز اور قوم کی خدمت کی جس پر خوش ہوں ،پاکستانی قوم کی طرف سے ملنے والے پیار کا نعم  البدل پوری دنیا کی دولت بھی نہیں ہو سکتی ،وہ اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں میں علی زئی فاﺅنڈیشن انٹر نیشنل (رجسٹر ڈ ) کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خصوصی خطاب کر رہے تھے، ڈاکٹر عبد القدیر خان نے مزید کہا کہ جو دشمن ہمیں للکار کر کہا کرتا تھا کہ ہم کشمیر پر قبضہ کر لیں گے ،ہم فلاں جگہ پر قبضہ کر لیں گے مگر پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کے بعد دشمن ہماری سر حدوں کی طرف بھی میلی آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا ۔

محسن پاکستان نے علی زئی فائونڈیشن انٹرنیشنل کے قیام اور فلاحی سرگرمیوں پر بانی و چیئرمین نسیم خان علی زئی کی کاوشوں  کو سراہااور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اجتماعی شادیوں میں شریک نئے جوڑوں کو شادی کی مبارکباد دی ،، میزبان نسیم خان علی زئی نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان قائد اعظم ثانی ہیں وہ محسن پاکستان نہیں بلکہ محسن اسلام ہیں ہمیں ان پر فخر ہے کہ انہوں نے اپنی عیش وعشرت کی زندگی کو چھوڑ کر پاکستان و قوم کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا ۔


 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment