ھفتہ, 20 اپریل 2024


عالمی دباؤ کار گر ثابت ہوا جبکہ کشمیر پر مذاکرات کیلیے بھارت کا رضا مند ہونا خوش آئندہے، سرتاج عزیز

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت نے مسئلہ کشمیر سمیت تمام ایشوزکو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر رضا مندی ظاہرکی ہے جس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ایک انٹرویو میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ خطے میں امن مسئلہ کشمیر سے جڑا ہوا ہے، اس کے حل سے نہ صرف دونوں ممالک میں امن قائم ہوگا بلکہ خطے میں امن و استحکام اور خوشحالی آئے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کے طرز عمل پر دنیا کی توجہ مبذول کرائی ہے اور عالمی دباؤ کارگر ثابت ہوا ہے، اب دیکھنا ہے کہ بھارت کتنا سنجیدہ ہے۔

مشیر برائے خارجہ امور نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ممالک کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات اور خطے میں امن کا خواہاں ہے، بھارتی سیکریٹری خارجہ کے دورہ پاکستان پر مسئلہ کشمیر سمیت تمام ایشوز پر تفصیلی بات چیت کی جائیگی، دریں اثنا سرتاج عزیز سے پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر ایچ ای اتحاجان مالوف نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا، قبل ازیں بھارت نے پاکستان کے ساتھ کشمیر سمیت تمام ایشوز پر مذاکرات شروع کرنے پر آمادگی ظاہرکر دی جس کا آغاز3 مارچ کو بھارتی سیکریٹری خارجہ کے دورہ اسلام آباد سے ہوگا۔

پاکستان نے مذاکرات کی بھارتی پیشکش کا خیرمقدم کیا ہے، بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایس جے شنکر اسلام آباد کا دورہ کریں گے جہاں دوطرفہ ملاقاتوں میں بھارت اپنا ایجنڈا پیش کرے گا، بھارت پاکستان کے ساتھ شملہ معاہدے کی رو سے مسئلہ کشمیر سمیت تمام معاملات پر بات کرنے کو تیار ہے، بھارتی سیکریٹری خارجہ نہ صرف پاکستان بلکہ تمام سارک ممالک کا دورہ کریں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment