Print this page

ترک خاتون اول پاکستان آنے پر مسرور

 

ایمز ٹی وی( اسلام آباد)خاتون اول پاکستان بیگم محمودہ ممنون حسین اور ترک خاتون اول ایمینےنے کہا ہے کہ پاکستان ، ترکی اور شمالی ترک جمہوریہ قبرص کے درمیان ہمیشہ مثالی تعلقات رہے ہیں اوریہ برادر ملک خوشی اور غمی کے مواقع پر ہمیشہ ایک دوسرے کے کام آتے ہیں۔ انھوں نے یہ بات ایوان صدر میں ظہرانے کے موقع پر کی جو معزز مہمانوں کے اعزاز میں دیا گیا تھا۔

 

ظہرانہ میں وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز اوروزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی شرکت کی۔ خاتون اول نے کہا کہ پاکستانی عوام جمہوریہ ترکی اورترک جمہوریہ شمالی قبرص کے عوام سے یگانگت محسوس کرتے ہیں کیونکہ ہم تاریخی ، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ۔

 

انھوں نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ پاکستان اور ترکی دونوں ممالک کے درمیان خصوصی تعلقات ہیں، دونوں سکھ دکھ کی گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔یہ تعلقات محبت ، باہمی احترام، جذبہ خیر سگالی، عتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں یہی وجہ ہے کہ دنیا کے بیشتر مسائل پر ہمار ا مؤقف یکساں ہے اور عالمی سطح پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔

 

بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم، طبقاتی تقسیم اورچائلڈ لیبرکے خلاف ترک خاتون اول کی جدوجہد دنیا بھر کی مسلم خواتین کیلئے قابلِ تقلید ہے۔ پاکستانی خواتین سیاست میں بھی اہم کردارادا کر رہی ہیں۔

 

پاکستان اور ترکی میں خواتین کا مستقبل بہت تابناک اور شاندار ہے۔ ترک خاتون اول نے کہا کہ وہ پاکستان کواپنا دوسرا گھر سمجھتی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔ اس موقع پر خاتون اوّل جمہوریہ ترک ایمینے اور محترمہ میرال ایکن سی، ترک جمہوریہ شمالی قبرص کی خاتون اوّل ایوان صدر میں پرتپاک استقبال پر بیگم محمودہ ممنون حسین کا شکریہ اد ا کیا اور امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں