جمعہ, 29 مارچ 2024


توہین آمیز مواد کے مرتکب افراد کے خلاف فی الفور کارروائی کرے

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)قومی اسمبلی نے سوشل میڈیا پر توہین رسالت پر مبنی مواد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایک متفقہ قرارداد کی منظوری دی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کے مرتکب افراد کے خلاف فی الفور کارروائی کرے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں کیپٹن (ر) محمد صفدر نے تحریک پیش کی کہ قرارداد پیش کرنے کے لئے متعلقہ قواعد معطل کئے جائیں۔
نعیمہ کشور خان نے کہا کہ توہین رسالت پر قرارداد پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ تحریک کی ایوان سے منظوری کے بعد کیپٹن (ر) محمد صفدر نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ معزز ایوان سوشل میڈیا پر توہین رسالت کی سخت مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ توہین رسالت روکنے کے لئے حکومت وقت فوری اقدامات کرے۔ نعیمہ کشور خان نے کہا کہ اسے مشترکہ قرارداد تصور کیا جائے کیونکہ اس پر انہوں نے ایوان میں دستخط کرائے تھے۔
انہوں نے ہی قرارداد پڑھ کر سنائی۔ صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ اس حوالے سے ان کا توجہ مبذول نوٹس بھی ایجنڈے پر لایا جائے۔ جسٹس شوکت صدیقی کا فیصلہ لائق تحسین ہے۔شیخ صلاح الدین نے کہا کہ حضورﷺ کی محبت ہم سے تقاضا کرتی ہے کہ توہین رسالت کے مرتکب افراد کے خلاف فی الفور کارروائی کی جائے۔ محمد اعجاز الحق نے کہا کہ اتفاق رائے سے قرارداد کی منظوری خوش آئند ہے اس مسئلے کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کے لئے متعلقہ وزارت کو ایوان کو اعتماد میں لینا چاہیے۔ ڈاکٹر اظہر جدون نے کہا کہ سوشل میڈیا پر توہین رسالت پر مبنی مواد پر ایکشن وقت کا تقاضا ہے۔ حکومت کو عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ قومی اسمبلی نے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment