Print this page

پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاکستان اور قطر نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے متعدد سمجھوتوں پر دستخط کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر 2 روزہ دورہ پر پاکستان آنے والے امیر قطر شیخ تمیم بن حمادالثانی نے ون آن ون ملاقات کے دوران پاکستان کے ساتھ مضبوط اور مستحکم تعلقات کو آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی علامت ہے اور مضبوط پاکستان کے لئے تعاون جاری رکھیں گے جس کے لئے پاکستانی ماہرین اور افرادی قوت کے لئے قطر کے دروازے کھلے ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید اور قطری حکام نے مختلف معاہدوں پر دستخط کئے جب کہ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی بھی موجود تھے۔معاہدوں میں ثقافت کے بارے میں تعاون اور امور نوجوانان اور کھیلوں کے حوالے سے تعاون پر مفاہمت کی ایک یادداشت شامل ہے جب کہ تعاون کے پہلے ایگزیکٹو پروگرام پر بھی دستخط کیے گئے جس کے تحت دونوں ممالک تعلیم، سائنس، تحقیق، ذرائع ابلاغ اور پیشہ وارانہ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کریں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں