Print this page

وزیراعظم کاجوڈیشل کمیشن پرسیاسی جماعتوں کواعتماد میں لینے کا فیصلہ

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم نوازشریف نے2013ء کےعام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات رکی عدالتی تحقیقات کیلیے جوڈیشل کمیشن کے قیام اور اس کیلیے آرڈیننس کے اجرا کے حوالے سے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا۔ تمام سیاسی جماعتوں کی منظوری کے بعد تحریک انصاف اورحکومت کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوں گے اور اس کے بعد جوڈیشل کمیشن کے قیام کے سلسلے میں آرڈیننس لایا جائے گا۔ ذرائع نے بتایاکہ پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مجوزہ آرڈیننس کے مسودے کے نکات بھی زیر غور آئیں گے۔

تمام پارلیمانی رہنماؤں کو بتایا جائےگا کہ مجوزہ آرڈیننس کی شق(3) کے تحت جوڈیشل کمیشن تحقیقات کرسکے گا کہ کیا 2013ء کے عام انتخابات غیر جانبدارانہ، دیانتدارانہ، منصفانہ طریقے سے اور قانون کے مطابق ہوئے ہیں۔ دوسرے نمبر پر مذکورہ کمیشن یہ تحقیقات کرسکے گا کہ کیا 2013ء کے عام انتخابات میں کسی بھی شخص کی جانب سے مخصوص مقاصد کے حصول کیلیے منظم طریقے سے دھاندلی کروائی گئی اور یہ کہ کیا مذکورہ عام انتخابات میں مجموعی نتائج رائے دہندگان کی طرف سے دیے گئے مینڈیٹ کا حقیقی اور منصفانہ اظہار ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں