Print this page

امیگریشن ڈپارٹمنٹ کو ایف آئی اے سے الگ کرنے کا فیصلہ

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)چودھری نثار نے کہا کہ اب ویزوں کا اجراء پوشیدہ نہیں ہو گا، سفارت کاروں کو بھی ایک سال کی توسیع ملے گی، امیگریشن ڈپارٹمنٹ کو ایف آئی اے سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیر اعظم نے اجازت دے دی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہناتھا کہ ویزوں کا معاملہ انتہائی حساس ہوتا ہے، مگر گزشتہ ادوار میں ویزوں کو بندر بانٹ بنا دیا گیا جو کہ انتہائی تشویشناک عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب میں اپوزیشن لیڈر تھا تو اس حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا، پچھلے ادوار میں ناکوں پر کئی غیرملکی پکڑے گئے جن کے پاس ویزے نہیں تھے، مگر انہیں چھوڑ دیا جاتا تھا۔
چودھری نثار نے کہا کہ ماضی کی دونوں حکومتوں نے اس حوالے سے کوئی واضح جواب نہیں دیا، کئی لوگوں کو بغیر ویزے کے مخصوص ایئرپورٹ سے داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔
اسلام آباد کے اندر 300 سے 400 گھروں کا کسی کو علم نہیں تھا، غیرملک میں سکیورٹی ایجنسی کی اجازت کے بغیر ویزوں کا اجراءکیا گیا مگر میں نے آ کر اس نوٹیفیکشن کو کینسل کر دیا تھا۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ غلط کاریوں کا راستہ بند کر دیا ہے، اب پاکستان میں کوئی بغیر ویزے کے داخل نہیں ہو سکتا اور مادر پدر آزادی کی اب کسی ایئرلائن کو اجازت نہیں ہو گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ 2014ءمیں جب نوٹیفیکشن سامنے آیا تو اسے کینسل کر دیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک سسٹم لا رہے ہیں، تمام ویزوں کی درخواستیں آن لائن دی جائیں گی، کوئی بھی شخص ویزے کے لئے درخواست دے گا تو ریکارڈ موجود ہو گا۔ وزیر داخلہ کا امیگریشن کو ایف آئی اے سے علیحدہ کرنے کا اعلان، کہتے ہیں وزیر اعظم ہائوس سے منظوری لی جائے گی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں