Print this page

ہمسائیوں کے ساتھ پرامن پالیسی پر یقین رکھتے ہیں

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی و افراتفری سمیت تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ بھی بھارتی روابط تھے جس کے ہمارے پاس واضح ثبوت بھی موجود ہیں، بھارت کے حاضر سروس نیوی آفیسر کلبھوشن کی گرفتاری اوراعتراف جرم ہندوستانی مکروہ چہرے کو بے نقاب کرنے کے لئے کافی ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ بھارت سے کشمیر سمیت تمام معاملات کے حل کے لیے بامقصد اور غیر مشروط مذاکرات چاہتے ہیں، پاکستان دوسرے ممالک کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی عمل پیرا ہے،چین سرمایہ کاری سمیت متعدد شعبوں میں پاکستان کی رہنمائی بھی کر رہا ہے جس سے آنے والے چند برسوں میں یہاں واضح تبدیلی نظر آئے گی اور ملک مزید ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو عدم استحکام کا شکار رکھنا چاہتا تھا کہ یہاں ترقی و خوشحالی نہ ہو لیکن جن اداروں اور جن لوگوں نے انتھک محنت اور کامیاب کارروائیوں سے کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیاہے اور بھارتی مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے وہ حقیقت میں داد کے مستحق ہیں اور ان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو سفارتی لحاظ سے عالمی سطح پر تنہا کرنا چاہتا تھا جس میں وہ بری طرح ناکام ہو گیا ہے،ہمسائیوں کے ساتھ پرامن پالیسی پر یقین رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان کئی ممالک سے بہتر تعلقات کے ساتھ آگے بھی بڑھ رہا ہے۔طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور یہ تمام ممالک کے لیے ایک چیلنج بھی ہے، پاکستان انسداد دہشت گردی کے لیے وسیع تجربہ رکھتا ہے اور ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے مثبت اقدامات بھی کر رہا ہے،پاکستان نہ صرف دہشت گرد تنظیموں بلکہ انفرادی طور پر بھی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں بھی کر رہا ہے جس سے ملکی امن و امان کی صورت حال میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے اور بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔طارق فاطمی نے کہا کہ ایران ہمارا ہمسایہ دوست ملک ہے، جس کے ساتھ ہمارے دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان ایران کے ساتھ ان دوستانہ تعلقات کے فروغ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،پاکستان کسی ایسے عمل کا حصہ نہیں بنے گا جس سے ہمارے دوطرفہ تعلقات متاثر ہوں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں