Print this page

ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ، طارق فاطمی عہدے سے فارغ

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر اعظم نواز شریف نے ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ کی سفارشات کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت طارق فاطمی کو ان کے عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق حکومت نےڈان لیکس کی انکوائری رپورٹ کے نکات جاری کردیے ہیں، وزیراعظم کی جانب سفارشات کی منظوری کا نوٹی فکیشن سیکرٹری ٹو وزیراعظم فواد حسن فواد نے جاری کیا ہے۔
سفارشات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کو ان کے عہدے سے ہٹادیا گیا، اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے وزارت اطلاعات کے اعلیٰ افسر راؤ تحسین کے خلاف ای ڈی رولز 1973 تحت کارروائی کی منظوری بھی دے دی ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ خبر شائع کرنے والے اخبار کے ایڈیٹر ظفرعباس اور رپورٹر سرل المیڈا کے خلاف کارروائی کے لئے اے پی این ایس کو کیس بھجوایا جائے گا، اے پی این ایس کوقومی سلامتی سے متعلق رپورٹس کے لئے ضابطہ اخلاق تیار کرنے کا کہا جائے گا۔
واضح رہے کہ 6 اکتوبر 2016 کو انگریزی اخبار نے وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس سےمتعلق ایک خبر شائع کی تھی، جس میں کالعدم تنظیموں کے معاملے پر فوج اور سول حکومت میں اختلافات کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ خبر پر شدید تنقید کے بعد پرویز رشید سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لے لیا گیا تھا۔ ڈان لیکس کی تحقیقات کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی تھی۔
کمیٹی میں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ طاہر شہباز، محتسب اعلیٰ پنجاب نجم سعید اور ڈائریکٹر ایف آئی اے عثمان انور کے علاوہ ملٹری انٹیلی جنس ،آئی ایس آئی اور آئی بی کا ایک ایک نمائندہ شامل تھا۔ کمیٹی نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دی، جس کے 16 اجلاسوں میں گواہوں سے بیانات لئے گئے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

comment1