Print this page

پاک افغان بارڈر کشیدگی، پاکستان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)دفتر خارجہ نے چمن بارڈر پر افغان فورسز کی فائرنگ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صبح سے جاری فائرنگ کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو پاکستان جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چمن بارڈر پر افغان فورسز کی فائرنگ پر سخت تشویش ہے۔ فائرنگ سے ایک ہلاکت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جبکہ پاکستان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ مردم شماری کے حوالے سے افغانستان کوپہلے سے آگاہ کیا تھا جبکہ مردم شماری ٹیم پاکستانی علاقے میں اپنے فرائض انجام دے رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغان حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ پاکستانی دیہات پر فائرنگ فوری بند کرے اور اگر فائرنگ کا یہ سلسلہ نہ رکا تو پاکستان جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے بیانات صرف الزامات ہیں اور بیان بازی سے امن کے قیام میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اپریل میں 2خواتین اور 11 بچوں سمیت 25 کشمیری شہید ہوئے ہیں جبکہ بھارت کا منفی کردار افغانستان میں بھی مسائل بڑھا رہا ہے۔سی پیک میں کسی بھی ملک کی شمولیت کا فیصلہ پاکستان اور چین کریں گے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

comments3