Print this page

شیل کمپنی سینکڑوں افراد کی موت کا ذمہ دار قرار

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)سانحہ احمد پورشرقیہ کی تحقیقاتی رپورٹ میں شیل کمپنی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اسے ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا ہے جبکہ کمپنی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو10، 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 5،5 لاکھ روپے ادا کرے گی۔
اوگرا کی جانب سے سانحہ احمد پور شرقیہ کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی گئی ہے ۔ رپورٹ میں سانحے کا ذمہ دار شیل کمپنی کو قرار دیا گیا ہے اور اسے اوگرا کی جانب سے ایک کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سانحے کا سبب بننے والا آئل ٹینکر معیار کے مطابق نہیں تھا ، تحقیقات کے دوران اس آئل ٹینکرکا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی جعلی نکلا، شیل کمپنی نے اوگرا قوانین پر عملدرآمد نہیں کیا۔ 50 ہزار لٹر تیل لے جانے کےلئے 5 ایکسل کا ٹینکر لازمی ہونا چاہیے جبکہ حادثے کا شکار ہونے والا ٹینکر 4 ایکسل کا تھا۔
تحقیقاتی رپورٹ میں انتظامی نا اہلی کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ جب آئل ٹینکر کو حادثہ پیش آیا تو انتظامیہ فوری طور پر حرکت میں نہیں آئی جبکہ موٹروے پولیس نے بھی فوری طورجائے حادثہ کومحفوظ نہ بنایااور لوگ وہاں سے تیل بھرتے رہے جس کی وجہ سے افسوسناک سانحہ پیش آیا۔
دوسری جانب نشتر ہسپتال ملتان کے برن یونٹ میں سانحہ احمد پور شرقیہ کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا ہے جس کے بعد اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 218 ہوگئی ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں