جمعرات, 18 اپریل 2024


وزیراعظم کے استعفی کےلئےوکلا میدان میں آگئے

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی کال کے بعد پورے ملک میں وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کردیا ہے ۔ پاکستان بار کونسل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف فوری طور پر استعفیٰ دے دیں ورنہ ملک گیر ہڑتال زور پکڑ لے گی۔
تفصیل کے مطابق پہلے تو پاکستان بار کونسل نے وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے پر وکلا کی نیشنل ایکشن کمیٹی کے اقدامات سے لاتعلق ظاہر کی تھی تاہم 5مئی 2017کی قرار داد کی روشنی میں پاکستان بار کونسل نے نہ صرف وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے بلکہ پاکستان بھر کے وکلاءکو ہڑتال کی کال بھی دی تھی جس پر ملک بھر میں وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کردیا ہے ۔
واضح رہے کہ وکلا کی نیشنل ایکشن کمیٹی پاناما لیکس پر جے آئی ٹی تشکیل دیئے جانے کے بعد پہلے دن سے ہی وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ کررہی ہے جبکہ پاکستان بار کونسل نے 5مئی کو فیصلہ کیا تھا کہ اگر جے آئی ٹی کی رپورٹ وزیراعظم کے خلاف آئی تو وزیراعظم کے خلاف تحریک چلائی جائے گی اور ان سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جائے گا۔
پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین نے پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین ملک عنائت اللہ اعوان اوردیگر ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ وزیراعظم اور ان کے خاندان کی کرپشن کے خلاف چارج شیٹ ہے ،احسن بھون نے مزید کہا کہ افسوسناک بات ہے پورا خاندان کرپشن میں ملوث ہے ، جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد ہم وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے علاوہ اسحاق ڈار ،کیپٹن (ر)صفدر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment

comments10