ھفتہ, 20 اپریل 2024


مسلم لیگ (ن) کے مد مقابل متفقہ امیدوار سامنے آنےمیں ناکام

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیر اعظم کے عہدے کے لیے اپوزیشن جماعتیں کسی ایک امیدوار پر متفق نہ ہوسکیں جس کی وجہ سے اب اس منصب کے 6 امیدوار میدان میں آگئے ہیں۔
پارلیمنٹ میں موجود اپوزیشن جماعتیں مسلم لیگ (ن) کے مد مقابل اپنا کوئی متفقہ امیدوار سامنے لانے میں ناکام ہوگئی ہیں، جس کے بعد شاہد خاقان عباسی کے مقابلے میں اپوزیشن کے 5 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنے تجویز کنندہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ کاغذات نامزدگی جمع کرادئے۔ انہیں تحریک انصاف کے علاوہ مسلم لیگ (ق) کی بھی حمایت حاصل ہے، پیپلز پارٹی کی جانب سے خورشید شاہ اورسید نوید قمر نے وزارت عظمیٰ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جب کہ قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی تیسری بڑی سیاسی جماعت ایم کیو ایم کی جانب سے کشور زہرہ نےکاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ اس کے علاوہ جماعت اسلامی کے صاحب زادہ طارق اللہ نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ جانچ پڑتال کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں 342 کے ایوان میں وزارت عظمی کا انتخاب جیتنے کے لیے سادہ اکثریت یعنی کم از کم 172ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے، ایوان میں مسلم لیگ (ن) کے 188 ارکان ہیں اس کے علاوہ انہیں جمعیت علمائے اسلام (ف)، پشتون خوا ملی عوامی پارٹی، مسلم لیگ ضیا اور دیگر اتحادیوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment