Print this page

این اے 246 میں ہار کے ڈر سے ایم کیو ایم بہانے کر رہی ہے ، عمران خان

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو علم ہوگیا ہے کہ اس بار این اے 246 میں ایک لاکھ 40 ہزار ووٹ نہیں پڑیں گے اس لئے شکست کے ڈر سے اس نے ابھی سے بہانے شروع کردیئے ہیں۔اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کراچی میں آج تاریخ ساز انتخابات ہورہے ہیں، پہلے کراچی میں صرف دھاندلیاں ہوتی تھیں لیکن اب پہلی بار انتخاب ہورہا ہے جب کہ آج اگر رینجرز تعینات نہ ہوتی تو انتخاب نہیں ہوسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ ایم کیو ایم نے نوشتہ دیوار پڑھ لیا ہے اور اسے علم ہوگیا ہے اس بار ایک لاکھ 40 ہزار ووٹ نہیں پڑیں گے اس لئے ابھی سے اس نے بہانے بازی شروع کردی ہے جب کہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے ووٹرز کو ڈرایا جارہا ہے تاہم آج اچھا نتیجہ آئے گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی آج کی کارروائی کے لئے پوری تیاری ہے اور ہم نے 3 گواہ بلائے ہیں، جوڈیشل کمیشن کے سامنے ایسی چیزیں لارہے ہیں جس سے اگلا انتخاب شفاف ہوگا اور ملک میں جمہوریت کو فائدہ ہوگا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں