Print this page

بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس میں ایڈ ہاک جج مقرر کرنے کا فیصلہ

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)حکومت نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کو بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس میں ایڈ ہاک جج مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ قانون کی جانب سے ایڈ ہاک جج کے تقرر کے لیے جو سمری وزیراعظم کو ارسال کی گئی اس میں دو نام تجویز کیے گئے جن میں جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی اور سینئر وکیل مخدوم علی خان کا نام شامل تھا۔ حکومت نے فوج سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشورے کے بعد تصدق جیلانی کو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت رواں ماہ ہی عالمی عدالت کو ایڈہاک جج مقرر کرنے کے اپنے اس فیصلے سے آگاہ کردے گی۔
واضح رہے کہ فوجی عدالت نے کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائی ہے جب کہ بھارت نے اس کیس کو عالمی عدالت انصاف میں اٹھایا ہے جہاں اس کی سماعت جاری ہے۔ جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی نے 12 دسمبر 2013 کو چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور 5 جولائی 2014 کو وہ ریٹائر ہوئے تھے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں