Print this page

امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن پاکستان پہنچ گئے

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کی ملاقات جاری ہے۔ وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن کی اپنے وفد کے ہمراہ وزیراعظم شاہدخاقان عباسی سے ملاقات جاری ہے جس میں وزیردفاع خرم دستگیر، وزیرخارجہ خواجہ آصف، وزیرداخلہ احسن اقبال، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار شریک ہیں۔
ملاقات میں پاک امریکا تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پر بات جیت کی جاری ہے جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق امورپر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نئی امریکی پالیسی سے متعلق اپنے خدشات سے امریکی وفد کو آگاہ کرے گا جب کہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں جاری آپریشن سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے گا۔
امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن آج ہی ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹلرسن پاکستانی قيادت سے مسئلہ افغانستان کے حل پر بات کریں گے جب کہ وہ اپنے پاکستانی ہم منصب خواجہ آصف سے بھی ملاقات کریں گے۔
امریکی وزیر خارجہ نے 20 اکتوبر سے اپنا دورہ شروع کیا جس کے دوران وہ سعودی عرب، قطر اور افغانستان بھی گئے اور سعودی شاہ سلمان، قطری امیر شیخ تمیم، افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹیو عبد اللہ عبداللہ سے ملاقات کی۔ افغان دارالحکومت کابل ميں ٹلرسن نے کہا تھا کہ وہ قبائلی علاقوں ميں دہشت گردوں کی پناہ گاہيں ختم کرنے کے ليے پاکستان پر دباؤ ڈاليں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر ناورٹ نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کے دوران امریکی حکمت عملی کی کامیابی میں پاکستان کے اہم کردار اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے پر بات چیت کریں گے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں