منگل, 16 اپریل 2024


ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانیں بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے

ایمزٹی وی(راولپنڈی)چیف آف آرمی اسٹاف قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز میں 205 ویں کور کمانڈرز کااجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانیں بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے، ملکی سرحدوں کے تحفظ کے لیے تمام تر پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی جارحیت پر دشمن کو منہ توڑ جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں علاقائی صورت حال اور خطے کی سیکیورٹی کے معاملات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گا جب کہ کانفرنس میں بالخصوص افغانستان اور امریکی حکام سے حالیہ ملاقاتوں پر بھی غور کیا گیا۔
علاوہ ازیں داخلی سیکیورٹی صورت حال ، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز سے حاصل ہونے والے اہداف اور آپریشن کی رفتار پربھی غور کیا گیا اور شرکاء کو قیام امن کے لیے جاری آپریشنز میں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شرکاء کو امن کے لیے جاری آپریشنز کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا جب کہ قومی مفاد میں اپنے کردار کو مزید موثر انداز میں ادا کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
کور کمانڈر کانفرنس میں بلوچستان کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی اور بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے مواقع پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے جوانوں اور شہداء کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو حتمی شکل دی گئی

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment