بدھ, 03 مارچ 2021


نواز شریف سمیت مریم نواز نیب عدالت میں پیش

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سابق وزیراعظم نوازشریف، بیٹی مریم اور داماد کیپٹن (ر) صفدر مالی بدعنوانی سے متعلق نیب ریفرنسز کی سماعت کے لیے احتساب عدالت میں پیش ہوگئے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی اور شریف خاندان کے خلاف دائر تین ریفرنسز کو یکجا کرنے سے متعلق درخواستوں پر بحث کی گئی ۔ دوران سماعت وقفہ ہوا تو عدالت نے نواز شریف کو واپس جانے کی اجازت دے دی۔
شریف خاندان کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی عدالت کے باہر موجود رہی۔
سابق وزیراعظم نے گزشتہ سماعت میں عزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں پچاس پچاس لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرائے تھے۔ گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے تفصیلی فیصلہ نہ ملنے کے باعث سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے تینوں نیب ریفرنسز کو یکجا کرنے سے متعلق نوازشریف کی درخواست منظور کی ہے
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما لیکس مقدمے میں نواز شریف کو نااہل قرار دیتے ہوئے نیب کو ان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔ نیب نے 8 ستمبر کو نوازشریف اور ان کے بچوں کے خلاف لندن فلیٹس، آف شورکمپنیوں، عزیزیہ اسٹیل اور ہل میٹل کمپنی سے متعلق 3 مقدمات درج کیے۔
ان مقدمات میں نیب آرڈیننس کی سیکشن 9 اے لگائی گئی ہے جو غیرقانونی رقوم اور تحائف کی ترسیل سے متعلق ہے۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں ملزمان کو 14 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment