جمعہ, 19 اپریل 2024


قافلہ تب لٹا جب نظام عدل آمریت کی جیب کی گھڑی اور ہاتھ کی چھڑی بن گیا

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 3 بار نواز شریف عوام کے ووٹ سے وزیراعظم منتخب ہوئے اور عوام نے ان کے خلاف اقامے پر دیے گئے فیصلے کو آج تک تسلیم نہیں کیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ منتخب وزیراعظم کو اپنے دفتر سے نکالا گیا، 3 بارنواز شریف عوام کے ووٹ سے وزیراعظم منتخب ہوئے تاہم اقامے پر آئے فیصلے کو عوام نے آج تک نہیں مانا۔
اس موقع پر مریم اورنگزیب نے سپریم کورٹ کے شعر کا جواب بھی دے دیا۔ سپریم کورٹ نے کل پاناما کیس میں تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا جس میں یہ شعر بھی درج ہے
ادھراُدھرکی نہ بات کر یہ بتا کہ قافلہ کیوں لُٹا
مجھے راہزنوں سے گلہ نہیں تیری رہبری کا سوال ہے
وزیر مملکت نے کہا کہ قافلہ تب لٹا جب نظام عدل آمریت کی جیب کی گھڑی اور ہاتھ کی چھڑی بن گیا، قافلہ اس وقت لٹا جب منتخب وزیراعظم کو اقامے کی صورت میں نکالا گیا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ جس شخص نے اداروں کو گالی دی پارلیمنٹ پر حملہ کیا وہ آزاد پھر رہا ہے جب کہ عوام کے ووٹ سے وزیراعظم منتخب ہونے والے نواز شریف آج کمرہ عدالت میں بیٹھے ہیں، جو ججز ایک بار فیصلہ دے چکے تھے تو بہتر ہوتا کہ سپریم کورٹ کا کوئی دوسرا بنچ نظرثانی کی اپیل سنتا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment