Print this page

ہم اپنے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، خواجہ آصف کا امریکہ کوجواب

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امریکی صدرکے بیان پر سیاسی اورعسکری قیادت ایک پیج پر ہے جب کہ 33 ارب ڈالرامداد کا امریکی دعویٰ بے بنیاد ہے۔
اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں پارلیمنٹ کی مشترکہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ نے پاکستان کے بارے میں حقائق کو نظرانداز کیا، افغانستان میں اپنی ناکامی کا ملبہ امریکا ہم پر نہ ڈالے، ہماری افواج، سیکیورٹی فورسز اور عوامی قربانیوں کی لامتناہی داستان ہے، ہم اپنے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 33 ارب ڈالر امداد کا امریکی دعویٰ بے بنیاد ہے، 4 سال سے دہائیوں کا ملبہ صاف کررہے ہیں، ٹرمپ درحقیقت بھارتی زبان بول رہے ہیں، امریکی صدر کے بیان پر سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے جب کہ افغانستان کی جنگ پاکستان میں کسی صورت نہیں لڑسکتے، ہم معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنے کے خواہاں ہیں، ہرمعاملے میں ملکی مفاد، وقاراورسلامتی کے مطابق فیصلہ کریں گے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں