Print this page

پاک فضائیہ کے سابق سربراہ ائیر مارشل سفرِ آخرت پر روانہ

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی) پاک فضائیہ کے سابق سربراہ ائیر مارشل (ر) اصغر خان کی راولپنڈی کے نورخان ایئر بیس پر ایئرمارشل (ر) اصغر خان کی نماز جنازہ اداکردی گئی۔ نمازجنازہ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، وفاقی کابینہ کے اراکین، مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ عسکری و سیاسی حکام نے شرکت کی۔
اصغرخان مرحوم کی میت کو پاکستانی پرچم میں لپیٹا گیا اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔ ایئرمارشل(ر) اصغر خان کی تدفین ان کے آبائی گاؤں نواں شہر میں کی جائے گی۔ وہ گزشتہ روز 97 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔
اصغر خان نے 1940 میں رائل انڈین ملٹری کالج دہرہ دون سے گریجویشن کی اور اسی سال کے آخر میں نویں رائل دکن ہارس میں کمیشنڈ افسر مقرر ہوئے۔ 1957 میں صرف 36 سال کی عمر میں وہ ائیر وائس مارش بنائے گئے اور 1958 میں ائر مارشل ہوگئے۔ اصغر خان کو ہلال قائداعظم اور ہلال پاکستان کے اعزازات سے نوازا گیا تھا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں