ھفتہ, 20 اپریل 2024


پاکستان دیگر ملکوں کے معاملات میں عدم مداخلت پر کار بند ہے، نواز شریف

ایمز ٹی وی(اسلام آباد)  وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات استوار کرنا ان کے وژن کا حصہ ہے اور ہم دیگر ممالک کے داخلی امور میں عدم مداخلت کی پالیسی پر کاربند رہنے کیلیے پرعزم ہیں۔

گزشتہ روز بحرین کے کمانڈر نیشنل گارڈ لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن الخلیفہ سے ملاقات میں انھوں نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور افرادی قوت سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، یمن کی صورت حال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان حوثیوں کی طرف سے صدر ہادی کی جائز حکومت گرانے کی مذمت کرتا ہے اور مذاکرات کے ذریعے بحران کا پرامن حل تلاش کرنے پر زور دیتا ہے، شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے وزیراعظم کو امیر بحرین حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کی نیک خواہشات پہنچائیں، انھوں نے اس امر کو سراہا کہ پاکستان ہمیشہ بحرین کا مخلص دوست رہا ہے۔

دریں اثنانواز شریف نے لوئر کرم ایجنسی کے فٹبال گراؤنڈ میں دہشت گردی کے حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور اس قسم کے حملے دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف مہم دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی، انھوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی مزید سخت کی جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کا اعادہ نہ ہو، اس دوران وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے نواز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے رہنما سلطان مدد بھی موجود تھے، وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں بجلی کے جاری منصوبوں سے آگاہ کیا گیا۔

نواز شریف نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلیے تمام کوششیں کی جائیں تاکہ ملک میں بجلی کے شارٹ فال میں کمی ہو، نواز شریف نے بدھ کو مردان کا مختصر دورہ کیا اور سابق وزیراعلیٰ اور اے این پی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی سے ان کے والد اعظم خان ہوتی کے انتقال پر تعزیت کی، اس موقع پر انھوں نے اے این پی کے جنرل سیکریٹری میاں افتخار حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کی جرأت و بہادری کو سراہتے ہیں، آپ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے اکلوتے بیٹے کو بھی قربان کیا مگر پیچھے نہیں ہٹے، آپ ایک بہادر اور عظیم انسان ہیں، ہمیں آپ پر فخر ہے، چترال سے نمائندہ ایکسپریس نے خبر دی ہے کہ نواز شریف کل (جمعے کو) لواری ٹنل اور چترال کا دورہ کریں گے تاہم حتمی پروگرام کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment