ھفتہ, 20 اپریل 2024


بھارت کی الزام تراشی پرپاکستان کا شدید ردِ عمل

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی کیمپ پر حملے سے متعلق بھارتی میڈیا اور حکام کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے بیان میں مقبوضہ کشمیر کے سنجوان کیمپ پر حملے سے متعلق بھارتی میڈیا اور حکام کے بیانات پر ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے سنجوان کیمپ پر حملے سے متعلق الزامات کو مسترد کرتا ہے، بھارتی حکام ہمیشہ تحقیقات سے پہلے غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد الزامات لگاتے ہیں،عالمی برادری بھارت کی پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا مہم کا نوٹس لے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کی ماورائے عدالت ہلاکتوں، اغواء اور تشدد میں ملوث ہے اور کشمیری مظالم کے باوجود حق خودارادیت کی جدوجہد میں مصروف ہیں، بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کا مسئلہ حل کرے اور کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیزیوں سے باز رہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل مقبوضہ کشمیر کے علاقے سنجوان میں بھارتی فوجی کمیپ پر مسلح افراد نے حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 2 فوجی اہلکار ہلاک جب کہ کئی زخمی ہوگئے تھے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment