Print this page

سینیٹ کا چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین کون؟ اعلیٰ سطح کا اجلاس آج ہوگا

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سینیٹ الیکشن کے لیے مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی نے اعلیٰ سطح اجلاس طلب کرلیے جبکہ دونوں جماعتیں آج سینیٹ کے چیرمین اور ڈپٹی چیرمین کے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی کردیں گی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف سے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے جاتی عمرہ میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے سینیٹ کے چیرمین اور ڈپٹی چیرمین کے الیکشن کے حوالے سے مشاورت کی۔ نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن کا اجلاس آج شام تین بجے طلب کرلیا ہے جس میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے امیدواروں کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمن بلاول بھٹو زرداری نے بھی پارٹی کے تمام سینئر قائدین کو آج اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔ اعلی سطح کے مشاورتی اجلاس میں مشاورت کے بعد سینیٹ کے چیرمین اور ڈپٹی چیرمین کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بھی آج اسلام آباد میں عمران خان سے دوبارہ ملاقات کی ہے۔ بلوچستان سے نومنتخب سینیٹر صادق سنجرانی اور انوار الحق کاکڑ سمیت دیگر سینٹرز بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود ہیں۔ ملاقات میں چیئرمین سینٹ اور ڈپٹی چیئرمین کے ناموں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین سینٹ کے لئے عمران خان نے صادق سنجرانی کے نام پر اتفاق کرلیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے گزشتہ روز بھی عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے چیرمین سینیٹ کے لیے صادق سنجرانی اور انوار الحق کاکڑ کے دو ناموں کا اعلان کیا تھا تاہم آج حتمی امیدوار کا فیصلہ کیا جائے گا۔
سینیٹ کا اجلاس کل پیر کو ہوگا جس میں نومنتخب 52 سینیٹرز رکنیت کا حلف اٹھائیں گے۔ ہھر چیرمین اور ڈپٹی چیرمین کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے جس کے بعد ان دونوں عہدوں پر ایوان میں رائے شماری ہوگی اور گنتی کے بعد کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔ توقع ہے کہ آج تمام سیاسی جماعتیں اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیں گی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں